گوگل نے اپنا نیا مکسڈ رئیلٹی ہیڈ سیٹ متعارف کروا دیا ہے۔ اس ہیڈ سیٹ کی تیاری کے لیے گوگل نے جنوبی کوریا کی کمپنی سام سنگ کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ ایپل کے ویژن پرو اور میٹا کے کوئیسٹ 3 ہیڈ سیٹس کا مقابلہ کیا جا سکے۔
اس نئے مکسڈ رئیلٹی ہیڈ سیٹ کے لیے گوگل نے ایک نیا اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم "ایکس آر" تیار کیا ہے، جو ورچوئل اور اگیومینٹڈ رئیلٹی (AR/VR) ٹیکنالوجیز پر مبنی ہے۔ یہ سسٹم ہیڈ سیٹس اور اسمارٹ گلاسز کے لیے مخصوص ہے۔
گوگل کے مطابق، یہ ہیڈ سیٹ آئی اور ہینڈ ٹریکنگ کی صلاحیت رکھتا ہے اور صارف کی آواز پر ردعمل ظاہر کرے گا۔ اس کے علاوہ، یہ نئے آپریٹنگ سسٹم کو گوگل کے آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم "جیمینائی" پر بنایا جائے گا، جو صارف کے دیکھنے اور سننے کے عمل کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
گوگل نے بتایا کہ اس کے مختلف ایپس جیسے جی میل، میپس اور یوٹیوب کو اینڈرائیڈ ایکس آر کے لیے تیار کیا جائے گا، جس سے ہیڈ سیٹ پر ویڈیوز دیکھنے کا تجربہ منفرد ہوگا۔
فی الحال ہیڈ سیٹ کی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا، لیکن یہ کہا گیا ہے کہ 2025 میں یہ صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔ اس سے قبل گوگل نے گوگل گلاس کے نام سے اسمارٹ گلاسز تیار کیے تھے، جو مارکیٹ میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اینڈرائیڈ ایکس آر پر کئی سال تک کام کیا گیا اور اسے حالیہ اے آئی ماڈلز کے مطابق ڈھالا گیا ہے۔ گوگل کو امید ہے کہ یہ نیا سسٹم ہیڈ سیٹس اور اسمارٹ گلاسز کے لیے اتنا کامیاب ہوگا جتنا اینڈرائیڈ سسٹم اسمارٹ فونز کے لیے ثابت ہوا۔
گوگل نے یہ بھی کہا کہ ایپل کا ویژن پرو ایک شاندار ڈیوائس ہے، مگر وہ مختلف مسائل کے حل کے لیے متعدد ڈیوائسز پر توجہ دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، گوگل اسمارٹ گلاسز پر بھی کام کر رہا ہے اور ان کا پروٹوٹائپ ماڈل پہلے ہی سامنے آ چکا ہے، لیکن اینڈرائیڈ ایکس آر پر مبنی پہلا اسمارٹ گلاس کب تک تیار ہوگا، اس حوالے سے کمپنی نے ابھی تک کچھ نہیں بتایا۔