گوگل میپس میں اہم تبدیلی کا آغاز

ایک سال قبل گوگل نے اعلان کیا تھا کہ اس کے میپس کا لوکیشن ہسٹری فیچر اب صارفین کے فونز میں منتقل کیا جائے گا، اور اب یہ تبدیلی بڑے پیمانے پر لاگو کر دی گئی ہے۔

9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق، اگر آپ اپنے اینڈرائیڈ یا آئی او ایس ڈیوائس پر گوگل میپس کھول کر اوپر دائیں کونے میں موجود پروفائل فوٹو پر کلک کریں اور "Your Timeline" آپشن کو منتخب کریں، تو ایک پروموٹ آپ کو نظر آئے گا جس میں لکھا ہوگا: "آپ کی ٹائم لائن اب آپ کی ڈیوائس میں محفوظ کی گئی ہے۔"

گوگل کے مطابق، آپ کے وزٹس اور روٹس خود بخود آپ کی ڈیوائسز پر ایک میپ میں محفوظ ہو جائیں گے۔ اس سے پہلے گوگل صارفین کے ڈیٹا کو کلاؤڈ سرورز پر محفوظ کرتا تھا، لیکن اب صارف کی پرائیویسی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ڈیٹا ڈیوائسز پر ہی محفوظ کیا جائے گا۔

"Your Timeline" (جو پہلے لوکیشن ہسٹری کہلاتا تھا) اب صرف آپ کے فون تک محدود رہے گا، اور اسے دیگر ڈیوائسز پر استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔ اس کا ویب ورژن بھی دستیاب نہیں ہوگا، لیکن آپ اس کا بیک اپ بنا سکتے ہیں یا ڈیوائس ٹرانسفر سسٹم کے ذریعے منتقل کر سکتے ہیں۔

اس تبدیلی کے بعد گوگل نے اعلان کیا ہے کہ 6 ماہ بعد، یعنی جون 2025 کے بعد، تمام کلاؤڈ سرورز پر محفوظ کی گئی گوگل میپس کی لوکیشن ہسٹری کو مکمل طور پر ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ اس اپ ڈیٹ کے بعد آپ کا ماضی کا ڈیٹا گوگل میپس میں محفوظ نہیں رہے گا۔

اس تبدیلی کے سلسلے میں گوگل کی طرف سے صارفین کو نوٹس بھیجے جائیں گے، جس میں بتایا جائے گا کہ 9 جون تک آپ کو نئے سیٹ اپ کے تحت اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ، صارفین سے پوچھا جائے گا کہ آیا وہ "آٹو ڈیلیٹ" آپشن کو فعال کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔

9 جون 2025 کے بعد، گوگل میپس پر 3 ماہ سے زیادہ پرانے ڈیٹا کو خود بخود ڈیلیٹ کیا جائے گا۔ اگر آپ ماضی کی لوکیشن ہسٹری یا پسندیدہ یادیں محفوظ کرنا چاہتے ہیں، تو آپ کو یہ ڈیٹا 9 جون 2025 سے پہلے ڈاؤن لوڈ کر کے محفوظ کرنا ہوگا۔ اس کے بعد، تمام غیر محفوظ ڈیٹا ہمیشہ کے لیے ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔