چینی خلاء باز سیا شو زے اور سونگ لنگ ڈونگ نے تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے باہر چہل قدمی کے دوران 9 گھنٹے سے زائد وقت تک غیر معمولی سرگرمیاں انجام دے کر نئی تاریخ رقم کر دی۔
چینی خلاء بازوں نے یہ کارنامہ انجام دے کر ناسا کے خلاء باز جیمز ووس اور سوسن ہیلمس کے مارچ 2001ء میں بنائے گئے 8 گھنٹے اور 56 منٹ کے پچھلے ریکارڈ کو توڑ دیا۔
چین کے مینڈ اسپیس انجینئرنگ آفس (سی ایم ایس ای او) کے حکّام کے مطابق یہ مشن جو چین کے 3 افراد پر مشتمل شینزو 19 مشن کا حصّہ ہے، پیر کی رات سے منگل کی صبح تک جاری رہا۔
سی ایم ایس ای او کے حکّام نے بتایا ہے کہ جب سیا شو زے اور سونگ لنگ ڈونگ خلائی اسٹیشن کے باہر کام کر رہے تھے تو ان کے تیسرے ساتھی وانگ ہاؤزے نے ان دونوں کی خلائی اسٹیشن کے اندر سے مدد کی۔
سی ایم ایس ای او کے مطابق سیا شو زے اور سونگ لنگ ڈونگ نے خلائی اسٹیشن میں موجود روبوٹک مشنری اور زمین پر موجود سائنسی محققین کے تعاون سے خلاء میں خلائی ملبے سے بچاؤ کے آلے اور دیگر سہولتوں کی تنصیب اور دیگر کام مکمل کیے۔