تیرانا: البانیہ کی حکومت نے معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق البانیہ کی حکومت نے اپنے ملک میں ایک نوجوان کے قتل کے بعد معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر ایک سال کے لیے پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق البانیہ میں گزشتہ ماہ ایک طالب علم نے اپنے ساتھی کو چاقو (خنجر) کے وار سے قتل کیا تھا اور اس جھگڑے کا آغاز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر ہونے والی بحث سے ہوا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس واقعے کے بعد حکام نے والدین اور اساتذہ کے ساتھ 1300 میٹنگز کی جس کے بعد یہ ٹک ٹاک کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس حوالے سے البانوی وزیراعظم اِدی رام نے کہا کہ ہم ایک سال کے لیے ٹک ٹاک کو مکمل بند کرنے جا رہے ہیں اور اس پابندی کا آغاز نئے آنے والے سال سے ہوگا۔
پلیٹ فارم پر پابندی لگنے کے بعد ٹک ٹاک حکام نے البانوی حکومت سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ متاثرہ نوجوانوں کے ٹک ٹاک پر اکاؤنٹس تھے۔