گوگل سرچ میں چھپی دلچسپ گیم کو کھیلنے کا طریقہ جانیں

گوگل اکثر اپنے سرچ انجن میں دلچسپ فیچرز چھپا دیتا ہے اور ایسا برسوں سے ہورہا ہے۔

ایسا ہی گوگل نے ایک بار پھر کیا ہے اور ایک دلچسپ گیم اپنے سرچ انجن کا حصہ بنائی ہے جس کا بیشتر افراد کو علم ہی نہیں۔

اگر آپ ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر، لیپ ٹاپ یا موبائل فون میں گوگل پر اسکوئیڈ گیم (Squid Game) لکھ کر سرچ کریں تو اس گیم کو کھیل سکتے ہیں جو بہت دلچسپ ہے۔

یہ گیم اس مقبول شو کے فرسٹ سیزن کے ریڈ لائٹ، گرین لائٹ چیلنج پر مبنی ہے۔

یہ گیم دنیا بھر میں لوگوں کو گوگل سرچ پر دستیاب ہے۔

جیسا اوپر لکھا جاچکا ہے کہ اسے کھیلنے کے لیے گوگل سرچ پر شو کے نام کو سرچ کرنا ہوگا۔

جب سرچ پیچ اوپن ہو جائے گا تو اسکرین کے نیچے ایک بھورے رنگ کا گیم پیڈ آئیکون نظر آئے گا۔

اس آئیکون پر کلک کرنے پر گیم کا آغاز ہو جائے گا۔

اس گیم میں آپ کو 6 افراد کو آگے بڑھا کر ڈول کے پاس موجود فنش لائن تک لے کر جانا ہوگا۔

گیم اس طرح کی ہوگی / اسکرین شاٹ

اگر آپ نے اس شو میں اس چیلنج کو دیکھا ہوا ہے تو معلوم ہوگا کہ لوگوں کو اسی وقت آگے بڑھانا ہوگا جب ڈول کا رخ دوسری طرف ہوگا۔

لوگوں کو چلنے سے روکنے کے لیے نیچے سرخ رنگ میں X بٹن پر کلک کرنا ہوگا جبکہ آگے چلانے کے لیے نیلے رنگ کے بٹن پر کلک کرنا ہوگا۔

اگر آپ پلیئرز کو بروقت روکنے میں ناکام رہے تو ہر بار گڑیا کا رخ آپ کی جانب ہونے پر ایک پلیئر غائب ہو جائے گا۔

اگر ایک بھی پلیئر فنش لائن تک پہنچ گیا تو آپ کو فاتح قرار دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اسکوئیڈ گیم کا دوسرا سیزن 26 دسمبر سے شروع ہورہا ہے اور اس موقع پر گوگل کی جانب سے یہ گیم متعارف کرائی گئی ہے۔