کھربوں روپے کی کرپٹو کرنسی چوری کرنے والا ملک کونسا ہے؟

ایک نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے ہیکرز نے 2024 میں 1 ارب 34 کروڑ ڈالر (3 کھرب 72 ارب 82 کروڑ پاکستانی روپے) مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری کی۔ دنیا بھر میں چوری ہونے والی کرپٹو کرنسی کا یہ تقریباً 60 فی صد حصہ ہے۔

بلاک چین تجزیہ کرنے والی ایک کمپنی چینالیسز کی جانب سے کی گئی تحقیق میں بتایا گیا کہ رواں برس کرپٹو پلیٹ فارمز سے مجموعی طور پر 2.2 ارب ڈالر (612 ارب روپے) مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری کی گئی۔ چوری کی شرح میں اس سال 21 فی صد اضافہ ہوا جس میں شمالی کورین ہیکرز کی بڑی تعداد موجود ہے۔

2023 کے مقابلے میں شمالی کوریا کے ہیکرز کی جانب سے چرائی گئی کرپٹو کرنسی میں 102 فی صد اضافہ ہوا۔ گزشتہ برس ان ہیکرز نے 66 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری کی گئی تھی۔

عالمی معیشت سے علیحدہ اور بین الاقوامی پابندیوں کا شکار شمالی کوریا پر یہ الزام ہے کہ حکومت چرائی گئی کرپٹو کرنسی کو ملکی پشت پناہی میں ہونے والے آپریشنز اور اپنے نیوکلیئر ہتھیار کو بڑھانے کے کیے استعمال کرتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکا اور بین الاقوامی ماہرین کے تجزیے کے مطابق پیانگ یانگ چرائی گئی کرپٹو کرنسی اپنے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار اور بلیسٹک میزائل پروگرام کی مالی اعانت کے لیے استعمال کرتا ہے۔