فیس بک نے صارفین کو کمانے کا ایک اور موقع فراہم کردیا

فیس بک دنیا کی سب سے مقبول سوشل میڈیا سروس ہے جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 3 ارب سے زیادہ ہے، اور یہ آن لائن پیسے کمانے کا بھی ایک بہترین ذریعہ بن چکا ہے۔ درحقیقت، کئی افراد فیس بک کے ذریعے اضافی آمدنی حاصل کرتے ہیں۔

اب میٹا نے فیس بک صارفین کو کمانے کا ایک نیا موقع فراہم کیا ہے۔ کمپنی نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے صارفین فیس بک پر affiliate لنکس کے ذریعے زیادہ آسانی سے پیسے کما سکیں گے۔ اس فیچر کے تحت، affiliate لنکس کو پوسٹس، ریلز، فوٹوز، ویڈیوز اور ٹیکسٹ میں زیادہ نمایاں کیا جائے گا۔

اس اپ ڈیٹ کا مقصد یہ ہے کہ صارفین کو کمپنیوں کے ساتھ بہتر شراکت داری کے مواقع ملیں اور ان کے لیے کمانے کے امکانات بڑھ جائیں۔ پہلے affiliate لنکس صرف کیپشنز میں یو آر ایل کی صورت میں دکھائی دیتے تھے، مگر اب یہ نئی اپ ڈیٹ صارفین کو ان لنکس کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے کا موقع دے گی جس سے ان کی انگیجمنٹ اور سیلز میں اضافہ متوقع ہے۔

میٹا نے ایک آٹو ڈیٹیکشن سسٹم بھی متعارف کرایا ہے جو مخصوص ڈومین یا ویب لنک کو شناخت کرے گا۔ جب یہ سسٹم کوئی لنک پہچانے گا، تو صارف کو پیڈ پارٹنر شپ لیبل استعمال کرنے کی تجویز دی جائے گی، اور لنک کی تفصیلات پراڈکٹ لنک کے ساتھ شامل کی جائیں گی۔

یہ نئے فیچرز دنیا بھر میں فیس بک پیجز اور پروفیشنل پروفائلز کے لیے متعارف کرائے جا رہے ہیں تاکہ صارفین کو پیسہ کمانے کے مزید مواقع مل سکیں۔