کی یا کا مختلف رینج میں نئی الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانے کافیصلہ

پاکستان میں KIA گاڑیوں کی اسمبلنگ اور فروخت کرنے والے ادارے  لکی موٹرزنے مختلف قیمتوں کی رینج میں الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانے کافیصلہ کرلیا۔

 لکی موٹرز ملک میں نئی الیکٹرک ایس یو ویز متعارف کرانے کے لیے تیار ہےجن میں ان کی فلیگ شپ ایس یو وی ای وی 9 (SUV EV9) بھی شامل ہے۔

لکی موٹر زکے سی ای او محمد فیصل کا اس حوالے سے کہناہے کہ EV9 کے علاوہ کمپنی مستقبل میں EV3ایک چھوٹی اور کم قیمت الیکٹرک SUV) بھی لانے پر غور کر رہی ہے،اکتوبر 2024 میں متعارف کرائی گئی EV5 کو بھی صارفین سے اچھی پذیرائی ملی۔

لکی موٹرز کے سی ای او محمد فیصل نے اعلان کیا کہ کمپنی کی پہلی الیکٹرک ایس یو وی کِیا ای وی 9 جلد عوام کو دستیاب ہوگی،ہم مستقبل میں ایک چھوٹا الیکٹرک ماڈل ای وی 3 بھی جاری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں،یہ نئی الیکٹرک گاڑیاں مکمل طور پر اسمبل کی جائیں گی اور دوسری جگہوں سے درآمد کی جائیں گی۔

محمد فیصل نے پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی مانگ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اکتوبر 2024 میں KIA EV5 کی کامیاب لانچنگ کے بعد جو خریداروں کی نظر میں پہلے ہی آچکی تھی اب نئی لانچنگ پر بھی بہت پُرامید ہیں،ای وی 5 دو آپشنز میں آتا ہے،لانگ رینج کا ”ارتھ“ ماڈل جو ایک چارج پر 620 کلومیٹر تک جا سکتا ہے جس کی قیمت 23 ملین روپے ہے، اور مختصر رینج کا ”ایئر“ ماڈل جو 480 کلومیٹر تک جاتا ہے اور اس کی قیمت 18.5 ملین روپے ہے۔

آٹوموبائل انڈسٹری کے ماہرین کے مطابق ای وی 5 کی قیمت اور خصوصیات آڈی ای ٹرون (Audi e-tron) اور Hyundai IONIQ 5 سے ملتی جلتی ہیں، یہ گاڑیاں زیادہ تر کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے کاروباری افراد اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز نے خریدی ہیں جو پہلے ہی SUVs کا استعمال کر رہے ہیں۔

EVs کی مانگ کیوں بڑھ رہی ہے؟اس حوالے سے محمد فیصل کاکہناہے  کہ الیکٹرک گاڑیاں ماحول دوست ہونے کے ساتھ توانائی کی بچت بھی کرتی ہیں، لیکن زیادہ تر لوگ انہیں اسٹیٹس سمبل کے طور پر خرید رہے ہیں کیونکہ یہ روایتی گاڑیوں کے مقابلے میں مہنگی ہیں۔

پاکستان میں EVs کی فروخت میں کئی رکاوٹیں ہیں، سب سے بڑامسئلہ تو چارجنگ پوائنٹس کی کمی ہے،دوسری وجہ گاڑیوں کی ری سیل ویلیو کم ہے،ان کی بیٹریوں کی عمربھی کم ہوتی ہے اورانہیں ہر پانچ سے سات سال بعد تبدیل کرنا ضروری ہوتا ہے،تاہم حکومت نئی انرجی وہیکل (NEV) پالیسی 2025 کے تحت EVs کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے،اس حوالے سے ایک چینی کمپنی کے ساتھ 350 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے 3,500 چارجنگ اسٹیشنز بھی نصب کیے جائیں گے۔ 

حکومت کا ہدف ہے کہ 2030ء تک EVs کا حصہ کل گاڑیوں کی فروخت کا 30 فیصد ہو، لیکن یہ ہدف 10 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔