ملتان ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل: پاکستان کو فتح کیلئے 178 رنز اور ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹیں درکار

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آخری میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا۔

قومی ٹیم کو جیت کے لیے 178 رنز درکار ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز کو میچ میں فتح حاصل کرنے کے لیے 6 وکٹوں کی ضرورت ہے۔

اس وقت کریز پر سعود شکیل 13 اور نائٹ واچ مین کاشف علی ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ 

کھیل کا دوسرا روز:

 ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز اور دوسری اننگز میں پاکستان ٹیم مشکلات سے دوچار ہوگئی اور ویسٹ انڈیز کے 254 رنز کے تعاقب میں 76 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔

کپتان شان مسعود اور محمد ہریرہ 2، 2 رن بنا سکے،کامران غلام 19 اور بابر اعظم 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ملتان ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز 9 رن کی برتری کے ساتھ شروع کی تھی، کپتان بریتھ ویٹ اور میکائیل لوئیس نے 50 رنز کی بنیاد رکھی، میکائل 7 رن بنا کر آؤٹ ہوئے پھر عامر جنگو نے کپتان کے ساتھ اسکور 92 تک پہنچایا۔

بریتھ ویٹ کی 52 رنز کی اننگز نعمان علی نے تمام کی، اس کے بعد رنز بھی بنتے رہے اور وکٹیں بھی گرتی رہیں۔

املاچ نے 35 اور سنکلیئر نے 28 رنز بنائے اور ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 244 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو جیت کیلئے 254 رنز کا ہدف دیا۔

نعمان علی اور ساجد خان نے چار چار وکٹیں حاصل کیں، ابرار اور کاشف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، پاکستان کی ٹیم 163 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 154 رنز بنا سکی تھی۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا۔