چیمپئنز ٹرافی: انگلینڈ کی آسٹریلیا کیخلاف بیٹنگ جاری، دو کھلاڑی آؤٹ

چیمپئنز ٹرافی کے چوتھے میچ میں انگلینڈ کی آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ جاری ہے اور بلیو شرٹس نے دو وکٹوں کے نقصان پر 43 رنز بنا لیے ہیں۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ اور فل سالٹ نے اننگز کا آغاز کیا تاہم دوسرے ہی اوور میں ایلکس کیری کے شاندار کیچ نے فل سالٹ کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ چھٹے اوور میں جیمی اسمتھ بھی 15 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ کا کہنا تھا ہماری پریکٹس کے دوران رات کے وقت یہاں اوس پڑ رہی تھی اس لیے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر کا کہنا تھا ہم ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ کو ہی ترجیح دیتے، کھلاڑی پُراعتماد ہیں، ہم اس میچ کےلیے پُرجوش ہیں۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان پاکستان کو 60 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں بھارت نے بنگلا دیش کو 6 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

گزشتہ روز  کراچی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو 107 رنز سے شکست دی تھی۔