بھارت چیمپئنز ٹرافی کا نیا بادشاہ، نیوزی لینڈ کو فائنل میں شکست

دبئی میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں بھارت نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن بھارتی باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ سے کیویز کو 251 رنز تک محدود کر دیا۔ ڈیرل مچل 63 اور راچن رویندرا 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت کی بیٹنگ کا آغاز اچھا رہا۔ کپتان روہت شرما نے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ شریاس آئر نے 48 اور اکشر پٹیل نے 29 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

ٹاس کے موقع پر کیوی کپتان مچل سینٹنر نے بتایا کہ میٹ ہینری انجری کے باعث میچ نہیں کھیل رہے۔ بھارتی کپتان روہت شرما نے اعتماد ظاہر کیا کہ ان کی ٹیم کسی بھی صورتحال میں اچھا کھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 25 سال قبل 2000 میں نیروبی میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، مگر اس بار بھارت نے وہ تاریخ پلٹ دی۔