آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فائنل: بھارت میں ایک جامع مسجد کے قریب ہنگامے میں کئی گاڑیاں نذر آتش کی گئیں

بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے مہو میں ایک جامع مسجد کے قریب ہنگامے پھوٹ پڑے جس میں کئی گاڑیاں نذر آتش کی گئیں۔

گزشتہ روز آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دی جس کے بعد بھارت میں بھرپور جشن منایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق بھارت کی فتح کی خوشی کے موقع پر عوام نے ایک ریلی نکالی جو تھوڑی دیر بعد بے قابو ہوگئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارت کی جیت کا جشن منانے والی ایک ریلی مہو کی جامع مسجد کے قریب سے گزر رہی تھی کہ آس پاس کے کچھ لوگوں نے ان پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ جس سے دونوں گروپوں میں تصادم ہوا جس میں کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور دو دکانوں کو آگ لگا دی گئی۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ جیسے ہی فتح کی ریلی جامع مسجد کے قریب پہنچی تو ایک گروپ نے ان پر پتھراؤ شروع کر دیا، جس سے افراتفری پھیل گئی اور وہ اپنی موٹر سائیکلیں چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تصادم پھیلنے کے بعد پولیس کو صورتحال پر قابو پانے کے لیے علاقے میں بھیجا گیا۔

علاقے کے ایس پی ہٹیکا وسال کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ دونوں گروپس کے درمیان کشیدگی پیدا ہوئی، اور کچھ پرتشدد واقعات بھارت کی جیت کے بعد رونما ہوئے۔ معاملہ پٹاخوں سے شروع ہوا، صورتحال اب مکمل طور پر قابو میں ہے۔ ہمارے پاس کافی پولیس موجود ہے، اور ہم علاقے میں گشت کر رہے ہیں۔ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی، اور مناسب کارروائی کی جائے گی۔