نیوزی لینڈ کا شاندار کھیل، پاکستان کو 10 اوورز میں شکست۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کیویز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے نتیجے میں قومی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 128 رنز بنا سکی۔

نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ ویلنگٹن ریجنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی اوپنرز ناکام رہے، اور ابتدائی دونوں کھلاڑی 23 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ حسن نواز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جبکہ محمد حارث نے 11 رنز بنائے۔

عمیر بن یوسف اور عثمان خان نے 7،7 رنز بنائے، عبدالصمد نے 4، شاداب خان نے 28، جہانداد خان نے 1 اور سلمان علی آغا نے 51 رنز بنائے۔ صفیان مقیم اور محمد علی نے صفر پر اننگز ختم کی، جبکہ حارث رؤف 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جمی نیشم نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جیکب ڈفی نے 2 اور ایش سوڈھی اور بین سیرز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔