قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی اور مسلسل ہارنے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کردیا۔
رپورٹ کے مطابق کامران اکمل نے اپنے یوٹیوب چینل پر نیوزی لینڈ کیخلاف قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس پر چئیرمین پی سی بی سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے اپنی یوٹیوب ویڈیو میں چیئرمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ شرمناک شکستوں اور ٹیم کی کارکردگی پر کنٹرول نہیں کرسکتے تو استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، کرکٹ بورڈ کی ساکھ کو نقصان نہ پہنچائیں۔
سابق کرکٹرکا کہنا تھا کہ اگر ہمارے بالرز سوئنگ کنڈیشنز میں بھی وکٹ نہیں لے سکتے تو پھر کہاں بالنگ کروائیں گے، بابر کے آؤٹ ہوتے ہی قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایکسپوز ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کپتان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نسیم شاہ سے رنز کی نہیں بلکہ وکٹوں کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے جبکہ ٹی ٹوئںٹی سیریز میں کیویز نے گرین شرٹس کو 1-4 سے شکست دی تھی۔