بھارت سے علاج کے بغیر واپس لوٹنے والے پاکستانی بچوں کے معاملے پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ بچوں کی مدد کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
وفاقی وزیر صحت نے اعلان کیا ہے کہ متاثرہ بچوں کا علاج سرکاری سطح پر پاکستان میں ہی کروایا جائے گا۔ انہوں نے ڈی جی ہیلتھ کو متاثرہ بچوں کے اہلِ خانہ سے فوری رابطے اور ہر ممکن مدد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
مصطفیٰ کمال کے مطابق وزیراعظم ہاؤس نے بھی متاثرہ بچوں کے علاج کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (AFIC) میں بچوں کے علاج کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ بچوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ان کے مکمل علاج اور بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔