شاہد آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میں چند دنوں سے اچھا محسوس نہیں کر رہا تھا اور میرے جسم میں بہت درد تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد میں نے کورونا کا ٹیسٹ کرایا جو بدقسمتی سے مثبت آیا۔

شاہد آفریدی نے لکھا کہ مجھے جلد صحتیابی کے لیے آپ سب کی دعاؤں کی اشد ضرورت ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فون کر کے شاہد آفریدی کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے شاہد آفریدی کو گھر میں رہنے اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کا مشورہ بھی دیا۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے سابق کپتان اپنی فلاحی تنظیم شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے ذریعے غریب و نادار طبقے کی مدد کے لیے مسلسل ملک کے مختلف صوبوں اور دور دراز علاقوں کا دورہ کررہے ہیں۔

شاہد آفریدی نے اپنے فلاحی کاموں کے سلسلے میں خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقہ جات، آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کا دورہ کیا تھا اور وہاں مستحق افراد میں امداد تقسیم کی تھی۔ گزشتہ دنوں شاہد آفریدی بلوچستان کے دورے پر تھے جہاں ان کی ایک بچے کو جوتے پہناتے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی اور لوگوں نے ان کے اس اقدام کو بہت سراہا تھا۔

ملک میں جب کورونا وائرس کی وبا پھیلنا شروع ہوئی تھی تو سابق مایہ ناز آل راؤنڈر نے تمام برانڈز کے ساتھ مفت کام کرنے کی مشروط پیشکش کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر انہیں راشن اور فنڈز دیے جائیں تو وہ تمام برانڈز کے ساتھ مفت کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔ شاہد آفریدی اور ان کی فاؤنڈیشن کی انہی کاوشوں کو دیکھتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹرز یوراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ نے ان کی فاؤنڈیشن کے لیے عطیات دینے کا اعلان کیا تھا۔

گزشتہ ہفتے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ ان کا مستقبل میں سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں اور ان کے فلاحی کاموں کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں سیاست کا مقصد حقدار کو اس کا حق دینا سمجھتا ہوں اور وہ سیاست میں کر رہا ہوں۔ ادھر شاہد آفریدی کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اور سابق کرکٹرز نے قومی ٹیم کے سابق کپتان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
 

کرکٹر محمد حفیظ نے کہا کہ شاہد آفریدی آپ قدرتی طور پر فائٹر ہیں اور جلد وائرس کو شکست دیں گے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے بھی ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ 27 ٹیسٹ، 398 ون ڈے اور 99 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے 10ہزار سے زائد رنز اور 541 وکٹیں حاصل کیں۔

شاہد آفریدی 2018 میں ہر طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے البتہ وہ پاکستان سپر لیگ میں مختلف فرنچائز کی نمائندگی کرچکے ہیں اور حالیہ سیزن میں ملتان سلطان کی ٹیم کا حصہ تھے۔