دورہ انگلینڈ کیلئے منتخب قومی کرکٹرز کو روانگی کے شیڈول سے آگاہی مل گئی، کھلاڑی 24 جون کو لاہور میں جمع ہوں گے۔
سکواڈ28 جون کو چارٹرڈ طیارے سے اڑان بھرے گا۔ تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ میں 3ٹیسٹ اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے مجموعی طور پر29 کرکٹرز کا انتخاب کیا گیا ہے، کوچز اور آفیشلز سمیت 14 رکنی معاون سٹاف میں سے باﺅلنگ کوچ وقار یونس آسٹریلیا اور فزیو کلف ڈیکن جنوبی افریقہ سے براہ راست انگلینڈ پہنچیں گے، دیگر ارکان چارٹرڈ طیارے میں کھلاڑیوں کے ہمراہ لاہور سے روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی کرکٹرز 22 جون کو اپنے اپنے شہروں میں کورونا ٹیسٹنگ کے بعد 24 جون کو لاہور کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں جمع ہوں گے، 25 جون کو ان کے دوبارہ کورونا ٹیسٹ ہوں گے، اس دوران کسی کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آنے پر ریزروز میں سے متبادل کا انتخاب ہوگا، اسکواڈ 28 اگست کو روانہ ہوجائے گا۔
برطانوی حکومت کی ہدایات کے مطابق پاکستان ٹیم کو انگلینڈ پہنچ کر پہلے 14 روز کا قرنطینہ کرنا ہے،میزبان ٹیم کے ساتھ پہلا ٹیسٹ 5 اگست کو شروع ہوگا، شیڈول کا باقاعدہ اعلان جمعے کو ہونے کا قوی امکان ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅمیں تیزی آنے کے بعد پی سی بی نے تربیتی کیمپ نہ لگانے کا فیصلہ کیا تھا، قومی کرکٹرز انگلینڈ میں 5 ہفتے کی ٹریننگ میں خود کو مشکل چیلنج کیلئے تیار کرنے کی کوشش کرینگے۔