رمضان میں مرغی کا گوشت4سو روپے کلو تک پہنچنے کا خدشہ

لاہور:رمضان المبارک کی آمد پر شہریوں کے لیے مہنگائی کا طوفان لانے کی تیاریاں شروع ہوگئیں۔

 پولٹری ایسوی ایشن نے رمضان میں برائلر گوشت کی قیمت400 روپے کلو تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی اداروں کی ناقص پالیسی کے نتیجہ میں رمضان المبارک کے دوران برائلر گوشت کی قیمت400 روپے کلو تک پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

  پولٹری ایسوسی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ موسم گرم اور فیڈ مہنگی ہونے کے باعث مرغی کے نرخ میں مزید اضافے کا خدشہ ہے جبکہ موسم گرما کے دوران مرغی کی طلب میں کسی حد تک اضافہ قیمت بڑھائے گا۔

 پولٹری ایسوسی ایشن کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ انہوں نے دو ماہ قبل حکومت کو خبردار کیا تھا۔

واضح رہے کہ موجودہ حکومت کی جانب سے ہزاروں دعوؤں کے باوجود مہنگائی کنٹرول نہ ہوسکی، اشیا خوردنوش کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں جبکہ مرغی کا گوش بھی 300 سے 350 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔