جاپان کا پاکستان کیلئے 10ارب ڈالر مالی امداد کا اعلان 

اسلام آباد: پاکستان میں توانائی کے شدید بحران پر قابو پانے کیلئے دوست ملک جاپان میدان میں آ گیا۔جاپان نے پاکستان کیلئے 10 ارب ڈالر کی بھاری مالی امداد کا اعلان کر دیا-

 تفصیلات کے مطابق جاپانی سفیر نے کہاہے کہ جاپان متبادل توانائی ایل این جی سیکٹر میں مالی تعاون کے لئے انرجی ٹرانزیشن اینیشیٹو شروع کررہا، اس اقدام کے تحت دس ارب ڈالر کی مالی امداد دی جائے گی۔


نجی ٹی وی کے مطابق جاپانی سفیر نے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر سے ملاقات کی، جس میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون پر بات چیت کی گئی۔

 وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملک میں مسابقتی عمل کے ذریعے تیل اور گیس کی تلاش کے نئے بلاکس دئیے جارہے ہیں، ان بلاکس کی نیلامی سے ملک میں تیل وگیس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، حکومت کے اس اقدام سے مقامی تیل و گیس کی پیدوار میں اضافہ اور درامدی بل کم کرنے میں مدد ملے گی، جاپانی کمپنیاں تیل وگیس کے بلاکس کی نیلامی میں حصہ لیں۔

حماد اظہر نے جاپانی سفیر کو گردشی قرضے میں کمی کے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک سال میں گردشی قرضے کا بہاؤ 538 سے کم کرکے 177 ارب پر لائے ہیں، حکومتی اقدام سے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

 صنعتی صارفین کے لئے پیکج سے بجلی کھپت میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے وزیر توانائی نے جاپانی کمپنیوں کو بجلی کی ترسیل وتقسیم میں سرمایہ کاری کی بھی دعوت دی اور بلوچستان سمیت دوردراز علاقوں میں آف گرڈ سلوشن کے لیے تکنیکی سٹڈیز کے لئے جاپانی تعاون کی بھی درخواست کی۔

جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ جاپان متبادل توانائی ایل این جی سیکٹر میں مالی تعاون کے لئے انرجی ٹرانزیشن اینیشیٹو شروع کررہا، اس اقدام کے تحت دس ارب ڈالر کی مالی امداد دی جائے گی۔

 جاپانی سفیر نے حماد اظہر کو ایشیا گرین پارٹنر شپ منسٹیرئل میٹنگ میں شرکت کی بھی دعوت دی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایک جاپانی کمپنی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔

جاپانی کمپنی پاکستان میں چوتھا ایل این جی ٹرمینل لگانے کے منصوبے میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہوگئی۔ جاپانی کمپنی مٹسوبشی نے پاکستان میں چوتھا ایل این جی ٹرمینل لگانے کے منصوبے کے لیے 3سوملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔

 یہ منصوبہ 2 سال میں مکمل کیا جائے گا۔ اس حوالے سے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا کہ جاپانی کمپنی مٹسوبشی نے 3 سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔

 ٹرمینل پورٹ قاسم میں لگایا جائے گا اور یہ منصوبہ 2 سال میں مکمل ہوگا۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ ٹرمینل پر90 ایل این جی کارگو شپ لنگر انداز ہو سکیں گے، ٹرمینل کے لیے 24 کلومیٹرطویل پائپ لائن بچھائی جائے گی۔