ادویات پر ٹیکس، قیمتیں مزید بڑھ گئیں 

اسلام آباد: حکومت کی جانب سے ایک اور ٹیکس لگائے جانے کے باعث ملک میں ادویات مزید مہنگی ہوگئیں۔ 

تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ادویات پر اعشاریہ ایک فیصد ٹیکس عائد کردیا گیا ہے، حکومت کی جانب سے مالی سال 21-2020 کے دوران ادویات پر 0.1 سے ایک فیصد انکم ٹیکس عائد کیا گیا ہے جس کی وصولی کی ذمہ داری ایف بی آر کی بجائے ادویات بنانے اور درآمد کرنے والی کمپنیوں اور ڈسٹری بیوٹرز پر ڈالی گئی ہے۔

 تاہم نئے ٹیکس سے ادویات کی قیمتوں میں مزید 11 فیصد اضافہ ہوگا جب کہ پہلے ہی موجودہ دور حکومت کے دوران ادویات کی قیمتیں 400 فیصد سے زائد بڑھ چکی ہیں اسی بناء  پر کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن نے نیا ٹیکس اور اسے حاصل کرنے کے طریقہ کار کو مسترد کردیا اور 15 جولائی کو ملک گیر شٹرڈاؤن اور 19 جولائی سے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کردیا۔