دنیا شرائط نہ رکھے، اپنی مرضی کی حکومت بنائینگے، افغان وزیر خارجہ 

کابل: افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے افغانستان پر غیرملکی دبا ؤکو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ دنیا ہمارے سامنے شرائط نہ رکھے ہم اپنی مرضی کی حکومت بنائیں گے۔

 پاکستان، قطر، ازبکستان،ترکی اور چین کا تعاون کرنے اور امداد پر ان ممالک کے مشکور ہیں، جن عالمی اداروں نے افغانستان میں اپنے منصوبے نامکمل چھوڑے وہ منصوبوں کومکمل کریں، بھرپورتعاون کریں گے۔سرمایہ کار افغانستان آئیں مکمل سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افغان عبوری خارجہ نے کہا کہ ہمیں قطر، پاکستان اور ازبکستان سے امدادی ملی ہے، ہم ان تمام ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

 چند ممالک نے امداد کو اپنے مطالبات سے مشروط کردیا ہے۔ ہم تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن کسی ملک کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔

 مولوی امیر خان متقی نے کہاکہ گزشتہ دنوں جو حکومت بنی وہ مکمل طور پر مخلوط حکومت ہے، ہماری کابینہ میں تمام گروہوں کے لوگ شامل ہیں، آنے والے دنوں میں اس میں مزید مثبت تبدیلی آئے گی، ہم تمام افغان عوام کی نمائندگی کرتے ہیں،حتمی رضامندی ہونے تک کابینہ میں تبدیلی کرتے رہے ہیں، جہاں بھی نیا نظام آتا ہے وہاں اپنے اعتماد کے لوگ آتے ہیں، افغانستان میں یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔خواتین کے حقوق سے متعلق کچھ ملکوں کے اعتراضات ناقابل قبول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی ملک نے طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے کی بات نہیں کی، دنیا سے اپیل ہے جو ہم سے تعاون کررہے ہیں اسے سیاست سے نہ جوڑا جائے، دنیا کے ساتھ مثبت تعلقات چاہتے ہیں۔

دریں اثناء طالبان ترجمان محمد سہیل شاہین نے کہا ہے کہ افغانستان میں عبوری حکومت ہے اندرونی معاملات میں کسی بھی ملک کی مداخلت برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملا عبدالغنی برادر کے قتل کے بارے میں بہت ساری افواہیں ہیں۔ میں نے ان سے رابطہ کیا ہے اور وہ سفر پر ہیں۔

 ملا عبدالغنی برادر ٹھیک ہیں اور میں ان سبھی افواہوں کی واضح طور پر تردید کرتا ہوں۔ خواتین کے دستانے پہننا یا نہ پہننا ذاتی مسئلہ ہے، یہ ایک خاتون کا ضمیر ہے۔ یہ تھوپا نہیں گیا ہے۔ کچھ خاتون اینکر نیوز رپورٹ کرتے یا پڑھتے وقت اپنا چہرہ دکھاتی ہیں اور انہیں ڈھکتی نہیں ہیں۔ کچھ ٹیچرز بھی ایسا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حقانی اور طالبان کے درمیان اختلافا ت کی خبریں بے بنیاد ہیں جنہیں ہمارے مخالفین کے ذریعے بار بار پھیلایا جارہا ہے لیکن ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں کسی اور ملک کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔