کیرالہ: شادی کی ساڑھی میں ملبوس دلہن اسٹیتھو اسکوپ پہنے امتحان دینے کالج پہنچ گئی۔
بھارتی ریاست کیرالہ کی شری لکشمی انیل شادی کی ساڑھی میں ملبوس اسٹیتھو اسکوپ پہنے فزیو تھراپی کے پریکٹیکل امتحان میں شرکت کیلیے کالج پہنچ گئی۔ شری لکشمی انیل، بیٹھانی نواجیون کالج آف فزیوتھراپی کی طالبہ ہیں۔
جب آپ کا پریکٹیکل امتحان آپ کی شادی کے دن ہو تو آپ کیا کریں گے؟ دلہن بنی کیرالہ کی شری لکشمی نے دونوں کام ایک ساتھ کرنے کا فیصلہ کیا۔
دلہن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں وہ اپنی شادی کے لباس میں پریکٹیکل کیلیے لیب کوٹ اور اسٹیتھو اسکوپ کے ساتھ دیکھی جاسکتی ہے۔
وائرل ہونیوالی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لکشمی نے پیلے رنگ کی شادی کی ساڑھی زیب تن کی ہے، زیورات میں لدی اور میک اپ سے بھرے چہرے کے ساتھ امتحانی ہال میں داخل ہوتی ہیں، وہاں موجود ہم جماعت اسے دیکھ کر ہنسنے لگتے ہیں۔
ویڈیو میں لکشمی جیسے ہی کمرہ امتحان میں داخل ہوتی ہے تو اپنے دوستوں کی طرف دیکھ کر شرما کر ہنستی ہے جس پر ہال میں موجود تمام ساتھی بھرپور تالیوں کے ساتھ اس کا استقبال کر رہے ہیں۔
اس دوران لکشمی کا ایک دوست اس کی ساڑھی کے فال کو ایڈجسٹ کرنے میں اس کی مدد کرتا ہے اور دوسرا اس کے گلے میں اسٹیتھوسکوپ ڈالتا ہے۔ امتحان کے بعد دلہن باہر نکل کر اپنی ماں کو گلے لگاتی نظر آتی ہے۔
انسٹاگرام سے شیئر کردہ ایک اور ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ شری لکشمی کمرہ امتحان جاتے ہوئے اپنے فزیو تھراپی کے عملی امتحان کی تیاری کر رہی ہے۔
سات دن پہلے شیئر کی جانے والی ویڈیو پر ایک ملین سے زیادہ لوگوں نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ جہاں کچھ صارفین نے اس کی تعریف کی وہیں کچھ نے سوال کیا کہ شادی کا منصوبہ امتحان کے وقت کیوں بنایا گیا تھا۔
ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے نیک خواشہات کا اظہار کیا جب کہ ایک اور صارف نے لکھا کہ یہ سب مشہور ہونے کے لیے کیا گیا۔