ایک ارب 70 کروڑ سے زائد کا ٹوائلٹ چُرانے والوں پر فرد جُرم عائد

برطانوی ووڈ اسٹاک میں واقع بلینم پیلس سے ایک ارب روپے سے زائد مالیت کا سونے کا ٹوائلٹ چوری کرنے والے 4 افراد پر فردِ جرم عائد کردی گئی۔

یہ ٹوائلٹ 18 قیراط سونے سے بنا ہے جس کی قیمت 5.95 ملین ڈالرز (پاکستانی روپوں میں ایک ارب 70 کروڑ روپےسے زائد) ہے۔

اس ٹوائلٹ کو ستمبر 2019 میں بلینم پیلس سے چُرایا گیا تھا، یہ درحقیقت اٹالین آرٹسٹ موریزیو کاتلان کے آرٹ ورک کا حصہ تھا جس کا عنوان ’امریکا‘ تھا۔

ٹوائلٹ کو بلینم پیلس میں آرٹ ایگزیبیشن میں رکھا گیا تھا۔

کراؤن پراسیکیوشن سروس نے 35 سے 39 سال کی عمر کے 4 افراد کیخلاف ٹوائلٹ چوری کرنے کے الزام میں فردِ جرم عائد کی۔ پراسیکیوٹر کے مطابق چاروں مشتبہ افراد کو 28 نومبر کو آکسفورڈ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ٹوائلٹ چوری ہونے کے وقت سات افراد کو گرفتارکیا گیا تھا تاہم ان پر کوئی الزام عائد نہیں کیا گیا تھا جب کہ تاحال آرٹ ورک بھی نہیں مل سکا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ چوری کیے جانے سے قبل یہ ’سُنہری ٹوائلٹ‘ مکمل طور پرکام کررہا تھا اور نمائش میں آنے والے اس انوکھے ٹوائلٹ کو استعمال کرنے کیلئے تین منٹ کا وقت بک کرا سکتے تھے۔

اٹھارہویں صدی میں تعمیر کیے جانے والے اس محل میں دوسری عالمی جنگ کے دورکے برطانوی رہنما ونسٹن چرچل کی پیدائش ہوئی تھی۔ یہ وسیع محل یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ہے۔

پولیس کے مطابق ٹوائلٹ محل کے پلمبنگ سسٹم سے منسلک ہونے کے باعث اسے نکالتے وقتٓ تاریخی عمارت کو نمایاں نقصان پہنچا تھا۔