بیجنگ میں قدیم نہر کی ثقافت اجاگر کرنے کیلیے عجائب گھر قائم

بیجنگ: چینی دارالحکومت میں رواں برس کے آخر تک قدیم نہر کی ثقافت اجاگر کرنے کے لیے عجائب گھر قائم کردیا جائے گا، جس میں بیجنگ اور قدیم نہر  کے حوالے سے کم و بیش 6 ہزار اشیا اور نمونے نمائش کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق چین کا کیپٹل میوزیم دارالحکومت کے بلدیاتی انتظامی مرکز میں واقع اور مجموعی طور پر 99 ہزار 700 مربع میٹر پر محیط ہے، جس میں بنائے گئے اس قدیم نہر کے عجائب گھر کو کیپٹل کی مشرقی شاخ بھی کہا جاتا ہے۔

اس نئے عجائب گھر کے ڈیزائن میں بحری جہاز اور پانی کو ظاہر کیا گیا ہے، جس سے قدیم نہر کی ثقافت عیاں ہوتی ہے۔ حکام کے مطابق اس منفرد عجائب گھر میں تقریباً 6 ہزار یومیہ کے حساب سے سیاحوں کی گنجائش ہوگی، جو جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے یہاں منفرد سیاحتی تجربے سے محظوظ ہوں گے۔

واضح رہے کہ چین کی عظیم نہر مشرقی صوبے ژی جیانگ میں بیجنگ اور ہانگ ژو کو جوڑتی ہے۔ اس نے قدیم چین میں نقل و حمل کی ایک اہم شریان کے طور پر کام کیا تھا۔ اس کی تاریخ 2 ہزار 500 برس پر محیط ہے۔