کیلی فورنیا: کرتب دکھانے کے ماہر ایک شخص نے طویل رسی پر جگلنگ کرکے دیکھنے والوں کو حیران کردیا۔
سرکس کے ماہر نے 34 فٹ 4 انچ طویل رسی پر تین چھریوں کے ساتھ جگلنگ کی اور ورلڈ ریکارڈ کے لیے اپنا نام درج کروانے میں کامیاب ہوگیا۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق ایڈ گریوڈ کیوچ نامی کرتب دکھانے کے ماہر نے چھریوں کے ساتھ جگلنگ کرنے کا ریکارڈ طویل رسی پر چلنے کی وجہ سے بنایا۔
ایڈگریوڈ کیوچ نے بتایا کہ انہوں نے جب یہ ریکارڈ بنانے کی کوشش کی تو وہ سرکس کا عالمی دن تھا اور اس موقع پر کوروناڈو میں سرکس آرٹسٹ کی برادری جمع ہوئی تھی، جہاں سب اپنی اپنی صلاحیتیں منوانے کے لیے کوشاں تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اسی وقت میں نے یہ فیصلہ کیا کہ میں ایک ایسا منفرد کارنامہ انجام دوں گا جس سے متاثر ہو کر ان کے دوست اور طالب علم سرکس کرتب میں خود کو مزید آگے لے جا سکیں۔ ایڈگریوڈ کیوچ نے مزید بتایا کہ وہ تقریباً 12 برس سے سلیک لائن جگلنگ کر رہے ہیں اور اس بار اس کرتب میں چھریوں سے کوشش کر کے کرتب میں اضافی خطرے کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔