ٹوکیو: برطانیہ نے اپنی نوعیت کا دنیا کا سب سے منفرد ’کوڑا اٹھانے‘ کا ورلڈ کپ جیت لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ نے بدھ کو ٹوکیو میں کوڑا چننے کا افتتاحی ورلڈ کپ جیت لیا، اس ایونٹ میں 21 ممالک کی ٹیمیں شریک تھیں۔
جاپان، امریکا، آسٹریلیا اور فرانس جیسے اکیس ممالک کے شرکا 90 منٹ میں سب سے زیادہ کوڑا اٹھا کر ٹائٹل کے لیے مقابلہ کرنے کے لیے جاپانی دارالحکومت میں جمع ہوئے تھے۔
برطانوی ٹیم نے سب سے زیادہ 57 کلو گرام کچرا اٹھا کر عالمی کپ اپنے نام کر لیا، مقابلے میں مجموعی طور پر 548 کلو گرام کچرا اکٹھا کیا گیا۔
اس ایونٹ ’سپوگومی ورلڈ کپ‘ کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں شعور بیدار کرنا اور خاص طور پر سمندر میں بہنے والے پلاسٹک کے فضلے کو کم کرنا تھا۔
1950 کی دہائی سے اب تک 8.3 بلین ٹن سے زیادہ پلاسٹک تیار کیا جا چکا ہے، اور اس کا زیادہ تر حصہ گل کر مائیکرو اور نینو پلاسٹکس میں تبدیل ہو جاتا ہے، اور پھر پانی کی ندیوں، مٹی اور بالآخر ہمارے سمندروں میں مل جاتا ہے۔