برطانیہ نے کچرا اٹھانے کا ورلڈ کپ جیت لیا

ٹوکیو: برطانیہ نے کچرا چننے کا عالمی کپ اپنے نام کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان میں منعقد ہونے والے ’سپو گومی ورلڈ کپ‘ میں دنیا بھر سے 21 ٹیمز نے حصّہ لیا۔مقابلے میں ہر ملک کی ٹیم تین ممبران پر مشتمل تھی، جن کو 90 منٹوں میں دو دورانیوں میں گلیوں سے کچرا چننا اور اس کچرے کی چھانٹی کرنی تھی۔

رپورٹ کے مطابق اسپوگومی لفظ انگریزی لفظ اسپورٹس اور جاپانی لفظ گومی (جس کے معنی کچرے کے ہیں) سے مل کر بنایا گیا۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس دلچسپ مقابلے کو منعقد کرنے کا مقصد ماحولیاتی مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔

برطانوی ٹیم ’دی نارتھ ول رائز‘ نے میزبان جاپانی ٹیم کو شکست دے کر ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔ برطانوی ٹیم نے 57.27 کلو گرام کچرا اکٹھا کر کے 9046.1 پوائٹ اسکور کیے۔

آسٹریلیا اور برازیل جیسے ممالک سے تعلق رکھنے والی ٹیموں نے شیبویا اور اوموٹیسینڈو کی سڑکوں پر 90 منٹ کا کچرا اکٹھا کرنے کا چیلنج لیا، اور اپنے نتائج کو مناسب زمروں میں ترتیب دیا۔

برطانوی ٹیم کی کپتان سارہ پیری کا فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ واقعی ایک اچھا تجربہ تھا۔

جاپان کے صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار کی وجہ سے مقابلے میں شریک ٹیموں کو کچرا ڈھونڈنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔