شادی شدہ افراد ’سنگلز‘ لوگوں سے زیادہ خوش ہوتے ہیں، سروے

بین الاقوامی ادارے گیلپ نے حال ہی میں ایک سروے کیا جس کا مقصد اس بات کا تعین کرنا تھا کہ شادی شدہ افراد اور سنگلز (جو کسی بھی رشتے میں منسلک نہیں ہوتے)، ان میں سے زیادہ خوش باش زندگی کون گزار رہا ہوتا ہے۔

شادی شدہ افراد کسی بھی دوسرے رشتے کی حیثیت میں رہنے والوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر خوش ہوتے ہیں۔

امریکی خبررساں ادارے کے مطابق گیلپ کا یہ سروے کروانے والے مصنف جوناتھن روتھ ویل کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ بظاہر ہمیں شادی شدہ ہونے میں زیادہ فائدہ نظر آتا ہے لیکن اس کیلئے یہ بھی اہم ہے کہ لوگ اپنی زندگی کیسے گزار رہے ہیں۔

اس سروے میں 2.5 ملین سے زیادہ امریکی افراد سے کہا گیا کہ وہ 2009ء اور 2023ء کے درمیان اپنی زندگی کو صفر سے دس کا درجہ دیں۔

سروے کے مطابق اعداد و شمار سے پتہ چلا کہ شادی شدہ افراد نے سروے کے دورانیے میں سنگل جواب دہندگان کے مقابلے میں زیادہ خوشی اور اطمینان ظاہر کیا۔

یونیورسٹی آف ورجینیا میں سماجیات کے پروفیسر اور نیشنل میرج پروجیکٹ کے ڈائریکٹر بریڈفورڈ ولکوکس نے کہا کہ عمر، جنس اور تعلیم جیسی چیزیں اہمیت رکھتی ہیں لیکن جب بات اچھی اور خوشگوار زندگی گزارنے کی ہو تو شادی ان سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔