جیانژی: کیا آپ نے کبھی مصالحے والی کافی کے بارے میں سنا ہے جس میں لال مرچ پاؤڈر اور خشک ثابت مرچیں ڈالی گئی ہوں؟ اس قسم کی کافی چین میں اور سوشل میڈیا پر کافی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ جیانزی کے گانزہو شہر میں ایک کافی شاپ نے انتہائی عجیب آئس کافی متعارف کرائی ہے جس میں ثابت مرچوں اور لال مرچ پاؤڈر کو ملایا جاتا ہے۔
Jingshi Coffee نامی کیفے نے اپنی اس آئس کافی کو دسمبر میں شروع کیا تھا لیکن اس مشروب نے دیکھتے ہی دیکھتے بہت جلد مقبولیت حاصل کرلی۔ اور کیفے اب 300 کپ فی دن کی شرح سے اسے فروخت کر رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں پلاسٹک کے کپوں میں کافی کو دکھایا گیا ہے جس میں خشک ثابت مرچیں اور مرچ پاؤڈر ملایا جاتا ہے۔ جن لوگوں نے اسے آزمایا ہے وہ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ یہ مشروب عام کافی سے تھوڑا زیادہ مسالحے دار ہے لیکن بد ذائقہ بالکل نہیں۔
کیفے کے ایک ملازم نے کہا کہ یہ زیادہ مسالحے دار نہیں ہے۔ اس کے برعکس اس کا ذائقہ اچھا ہے۔ یہ کافی اتنی عجیب نہیں ہے جتنا لوگ سوچتے ہوں گے۔ایک گاہک نے اس مشروب کے بارے میں سوشل میڈیا پر کمنٹس میں لکھا کہ مرچوں پر مبنی یہ کافی بری نہیں ہے۔ اس کا ذائقہ قدرے مسالحے دار اور تھوڑا میٹھا ہے۔