بلیک ہولز کی پراسرایت پر سائنسدان آئے روز مختلف تحقیق میں حیرت انگیز انکشافات سامنے لاتے ہیں جو حیرانگی کا سبب بنتے ہیں۔
وہیں سائنسدانوں کی جانب سے ایسا بلیک ہول دریافت کرلیا گیا ہے جسے زمین کے قریب ترین سمجھا جا رہا ہے۔
یورپین اسپیس ایجنسی (ای ایس اے) کے ایک مشن نے سورج سے 33 گنا بڑا بلیک ہول دریافت کیا ہے جو زمین سے 2,000 نوری سال کے فاصلے پر موجود ہے۔
مذکورہ بلیک ہول کا نام ”Gaia BH3“ ہے۔ اس بلیک ہول کا علم سب سے پہلے سائنسدانوں کو ڈیٹا کا جائزہ لینے کے درمیان ہوا تھا۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ زمین کے سب سے قریب موجود بلیک ہولز میں دوسرے نمبر پر موجود ہے اور چونکہ اس کے قریب خلائی اجسام نہیں تو ایکسرے ٹیلی اسکوپس سے اس کی تصویر لینا مشکل ہے۔
ای ایس اے کے سائنسدانوں نے زمین پر موجود ٹیلی اسکوپس کے استعمال سے اس بلیک ہول کے حجم کی تصدیق کی جبکہ اس حوالے سے ابتدائی نتائج بھی ایک مقالے میں شائع کیے۔