امریکا کے مسٹر بیسٹ (MrBeast) نے بھارتی کمپنی ٹی سیریز کو پیچھے چھوڑ کر یوٹیوب پر سب سے زیادہ سبسکرائبرز والے اکاؤنٹ کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
مسٹر بیسٹ (جن کا اصل نام جمی ڈونلڈسن ہے) نے 2023 کے شروع میں وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنے دوست پیو ڈی پائی کو سبسکرائبرز کی دوڑ میں پیچھے چھوڑنے والے چینل ٹی سیریز کا مقابلہ کریں گے۔
اب ایک سال سے زائد عرصے کی کوششوں کے بعد مسٹر بیسٹ کا یوٹیوب چینل اس ویڈیو شیئرنگ سروس کا سب سے سبسکرائبرز والا چینل بن گیا ہے۔
مسٹر بیسٹ نے ایکس پر ایک اسکرین شاٹ پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ '6 سال بعد آخرکار پیو ڈی پائی کا انتقام لے لیا گیا'۔
خیال رہے کہ ٹی سیریز کئی برسوں سے سب سے زیادہ سبسکرائبرز والا چینل تھا اور 2021 میں یہ پہلا یوٹیوب چینل بنا تھا جس کے سبسکرائبرز کی تعداد 20 کروڑ تک پہنچ گئی تھی۔
مسٹر بیسٹ کے چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد اکتوبر 2023 میں 20 کروڑ سے زائد ہوئی تھی جبکہ اپریل 2024 میں ان کے سبسکرائبرز 25 کروڑ سے زائد ہوگئے تھے۔
مسٹر بیسٹ کی ایکس پوسٹ پر ایلون مسک نے انہیں مبارکباد بھی دی۔
مئی 2024 میں مسٹر بیسٹ نے ٹی سیریز کے چیف ایگزیکٹو کو باکسنگ میچ کا چیلنج کیا تھا۔
اس موقع پر انہوں نے ایک ایکس پوسٹ میں لکھا کہ 'میں ٹی سیریز کے سی ای او کو باکسنگ میچ کا چیلنج دیتا ہوں'۔