ایکس کا پوسٹ لائیکس کا آپشن پرائیویٹ کرنے کا فیصلہ

ایکس (ٹوئٹر) کی جانب سے پوسٹس لائیکس کو چھپانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس بات کی تصدیق ایکس کے مالک ایلون مسک کی جانب سے کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لائیکس کو پرائیویٹ کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت اہم تبدیلی ہے جس سے صارفین کسی پوسٹ کو بغیر کسی خوف کے لائیک کر سکیں گے۔

کمپنی کی جانب سے 2023 میں ایکس پریمیئم کے صارفین کے لیے لائیکس ٹیب چھپانے کا فیچر متعارف کرایا تھا اور اب اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔

کمپنی کی جانب سے ایک ایکس پوسٹ میں بتایا گیا کہ رواں ہفتے ہر صارف کے لیے لائیکس کو پرائیویٹ کیا جا رہا ہے تاکہ پرائیویسی کا تحفظ حاصل ہوسکے۔

کمپنی کے مطابق صرف آپ کو معلوم ہوگا کہ آپ کو پوسٹس کو کون لائیک کر رہا ہے جبکہ دیگر کو اس کا علم نہیں ہو سکے گا۔

اس سے قبل مئی میں ایسی رپورٹس سامنے آئی تھیں جن میں بتایا گیا تھا کہ پبلک لائیکس کے آپشن کو ختم کیا جا رہا ہے۔

پبلک لائیکس سے مراد صارف کے پروفائل پیج میں موجود وہ سیکشن ہے جس میں ان تمام پوسٹس کا ریکارڈ ہوتا ہے جو آپ نے لائیک کی ہوتی ہیں۔

اس موقع پر ایکس کے ڈائریکٹر آف انجینئرنگ Haofei Wang نے بتایا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں صارفین کے پروفائل پیج سے پبلک لائیکس کو ہٹایا جا رہا ہے۔

اس تبدیلی کے بعد کوئی یہ نہیں جان سکے گا کہ آپ نے دیگر صارفین کی کونسی پوسٹس کو لائیک کیا۔

انہوں نے ایک ایکس پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ہم لائیکس کو پرائیویٹ کر رہے ہیں، کیونکہ پبلک لائیکس کے باعث بیشتر افراد کسی پوسٹ کو لائیک کرنے سے گھبراتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بہت جلد صارفین کسی پریشانی کے بغیر اپنے پسندیدہ مواد کو لائیک کر سکیں گے۔