گوگل کا جی میل میں اے آئی پر مبنی ٹول متعارف

جی میل دنیا کی مقبول ترین ای میل سروس ہے اور دنیا بھر میں کروڑوں افراد اسے استعمال کرتے ہیں۔

گوگل نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ایک ٹول جی میل میں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ صارفین کے لیے اس سروس کا استعمال زیادہ کارآمد ہوسکے۔

گوگل کے جیمنائی اے آئی اسسٹنٹ 1.5 پرو کے ذریعے ایسا ممکن ہو سکے گا۔

گوگل جیمنائی اے آئی اسسٹنٹ جی میل، ڈاکس، شیٹس اور دیگر میں صارفین کو دستیاب ہے اور اسے ابھی ای میلز تحریر کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

اب اسے جیمنائی 1.5 پرو سے اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے جو متعدد کارآمد نئے فیچرز سے لیس ہے۔

اگر آپ کے پاس طویل ای میلز پڑھنے کے لیے وقت نہیں تو اس اے آئی اسسٹنٹ کو ای میلز کی سمری کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس کے لیے سمرائز دس ای میل بٹن پر کلک کرنا ہوگا اور آپ کے سامنے ای میل کے نمایاں پوائنٹس آجائیں گے۔

اس سمری کارڈ پر آپ مختلف سوالات بھی پوچھ سکتے ہیں جبکہ جیمنائی سے ای میل مواد کو سرچ بھی کر سکتے ہیں۔

اے آئی اسسٹنٹ کو ای میل ریپلائی کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

جیمنائی کی جانب سے پرانی ای میلز کو مدنظر رکھ کر ریپلائیز کو سجیسٹ کیا جاتا ہے۔

یہ اے آئی اسسٹنٹ فی الحال جیمنائی ایڈوانسڈ سبسکرائبرز کو دستیاب ہے جس کے لیے ماہانہ 20 ڈالرز ادا کرنا پڑتے ہیں۔

گوگل کی جانب سے یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ جیمنائی فار ورک اسپیس سائیڈ پینل جون میں زیادہ بڑے پیمانے پر متعارف کرایا جائے گا۔