چیٹ جی پی ٹی 4 نے انسانوں جیسی ذہانت والا ٹیسٹ پاس کرلیا

سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی انسانوں جیسی ذہانت پر مبنی تورنگ ٹیسٹ پاس کرنے والا پہلا آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ بن گیا ہے۔

یہ ٹیسٹ کمپیوٹر ماہر ایلن تورنگ نے تجویز کیا تھا جس کے مطابق کسی اے آئی ٹیکنالوجی کو اسی وقت حقیقی طور پر ذہین تصور کیا جا سکتا ہے جب لوگ یہ بتانے سے قاصر ہو جائیں کہ وہ کسی انسان سے بات کر رہے ہیں یا مشین سے۔

کیلیفورنیا یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے دعویٰ کیا کہ چیٹ جی پی ٹی 4 کو تحریری گفتگو کے ذریعے پہچاننا انسانوں کے لیے بہت مشکل ہوتا ہے۔

تو یہ تورنگ ٹیسٹ کیا ہے؟

اس ٹیسٹ کو 1950 میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ماہر ایلن تورنگ نے متعارف کرایا تھا۔

انہوں نے پیشگوئی کی تھی کہ ایک دن کمپیوٹر کی اہلیت انسانی ذہانت جتنی ہو جائے گی۔


اسی لیے انہوں نے ایک ٹیسٹ تجویز کیا جس سے یہ شناخت کی جا سکے کہ ایک کمپیوٹر انسانی ذہانت جتنا قابل ہوسکا ہے یا نہیں۔

اس ٹیسٹ کے تحت ایک فرد ایک انسان اور ایک کمپیوٹر سے تحریری گفتگو کرکے تعین کرتا ہے کہ مشین کون ہے اور کمپیوٹر کون۔

اگر وہ فرد یہ تعین کرنے میں ناکام رہے تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ کمپیوٹر نے ٹیسٹ پاس کرلیا۔

اسی ٹیسٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکی سائنسدانوں نے 500 رضاکاروں کی خدمات حاصل کیں اور ان کی بات چیت 4 مختلف ایجنٹس سے کرائی گئی جن میں سے 3 اے آئی بوٹس تھے اور ایک انسان تھا۔

اے آئی چیٹ بوٹس میں چیٹ جی پی ٹی 4، چیٹ جی پی ٹی 3.5 جبکہ 1960 کی دہائی کا چیٹ پروگرام ایلیزا شامل تھے۔

رضاکاروں کو ایک آن لائن چیٹ روم کا حصہ بنایا گیا اور انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ تعین کریں کہ ان سے بات کرنے والا انسان ہے یا اے آئی چیٹ بوٹ۔

ان افراد نے 5 منٹ تک چیٹ کی اور پھر چیٹ روم سے باہر نکل گئے، جس کے بعد ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ بتا سکتے ہیں کہ وہ کسی انسان سے بات کر رہے تھے یا کمپیوٹر سے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ ایلیزا پروگرام ایک وقت میں 22 فیصد افراد کو دھوکا دینے میں کامیاب رہا، چیٹ جی پی ٹی 3.5 کی کامیابی کی شرح 50 فیصد رہی۔

مگر چیٹ جی پی ٹی 4 اس حوالے سے زیادہ کامیاب رہا اور 54 فیصد افراد نے اسے انسان قرار دیا۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ چیٹ جی پی ٹی 4 تورنگ ٹیسٹ کو زیادہ کامیابی سے پاس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بظاہر 54 فیصد زیادہ خاص شرح محسوس نہیں ہوتی مگر 500 رضاکاروں میں سے محض 67 فیصد انسان سے گفتگو کرتے ہوئے اس کی شناخت کرسکے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے ٹھوس عندیہ ملتا ہے کہ اے آئی سسٹم آسانی سے 2 پلیئر تورنگ ٹیسٹ پاس کر سکتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج ابھی کسی جریدے میں شائع نہیں ہوئے تو ابھی ان کو حتمی نہیں کہا جا سکتا مگر نتائج سے یہ ضرور عندیہ ملتا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی 4 ایلن تورنگ کے ٹیسٹ کو پاس کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نتائج سے بظاہر محسوس ہوتا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی انسانوں جتنا ذہین چیٹ بوٹ ہے۔