اے آئی ٹیکنالوجی سے آگے بڑھنے میں مدد ملے گی مگر لوگوں کا اچھا ارادہ ضروری ہے، بل گیٹس

مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کافی عرصے سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے پرزور حامی ہیں۔

مگر اے آئی کی تمام تر پیشرفت کے باوجود وہ اس ٹیکنالوجی کے حوالے سے لاحق خدشات سے بھی آگاہ ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران بل گیٹس نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلہ کرنا آسان ہو جائے گا مگر ساتھ میں انتباہ کیا کہ لوگوں کو اس نئی ٹیکنالوجی کا استعمال اچھے ارادے سے کرنا چاہیے۔

برطانوی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بل گیٹس نے کہا کہ اے آئی نے اب تک موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلہ کرنے کے حوالے سے معتدل کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اے آئی سے ہمیں مختلف سائنسی موضوعات کے ماڈل تیار کرنے میں مدد ملے گی، میٹریلز کو سمجھنا آسان ہو جائے گا اور بھی بہت کچھ معلوم ہوسکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہر شعبے میں اے آئی کو شامل کرنے سے تنوع کا عمل تیز ہوگا، اب چاہے وہ ادویات کا شعبہ ہو یا تعلیم کا'۔

بل گیٹس نے کہا کہ اے آئی کی بدولت ہمارے لیے پیچیدہ کام کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اے آئی ٹیکنالوجی بہت اہم ہے تو ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ لوگ اسے اچھے ارادے کے ساتھ استعمال کریں۔

بل گیٹس کے مطابق جب بھی آپ کے پاس ایک نئی ٹیکنالوجی ہوتی ہے تو زیادہ تر اسے اساتذہ، ڈاکٹروں اور سائنسدانوں کی جانب سے استعمال کیا جاتا ہے تاکہ اسے زیادہ مؤثر بنایا جاسکے، مگر اے آئی ٹیکنالوجی کو لوگ سائبر حملوں یا سیاسی مداخلت کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ اچھے افراد اس شعبے میں آگے آئیں اور منفی انداز سے اس کے استعمال کی روک تھام کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کو فیک ویڈیوز کی تیاری کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، تو ایسی ویڈیوز پر لیبلز کا استعمال ضروری ہے اور لوگوں کو بھی ویڈیوز دیکھتے ہوئے خود سے پوچھنا چاہیے کہ یہ کہاں سے سامنے آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو دھوکا دینے والوں کو سزائیں دینے کے لیے قوانین تیار کیے جانے چاہیے۔

مگر انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اس ٹیکنالوجی سے طبی سائنس، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلیوں جیسے شعبوں میں آگے بڑھنے کا موقع ملے گا اور معاملات زیادہ تیزی سے آگے بڑھ سکیں گے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب بل گیٹس نے اے آئی ٹیکنالوجی پر بات کی ہے۔

اس سے قبل وہ کئی بار اے آئی ٹیکنالوجی کو حالیہ دہائیوں کی اہم ترین ٹیکنالوجیکل پیشرفت قرار دے چکے ہیں۔

کچھ عرصے قبل انہوں نے یہ پیشگوئی بھی کی تھی کہ ڈیڑھ سال کے اندر اے آئی چیٹ بوٹس بچوں کو پڑھنے اور لکھنے میں مدد فراہم کر رہے ہوں گے۔

مارچ 2023 میں ایک بلاگ پوسٹ میں بل گیٹس نے اے آئی ٹیکنالوجی کو مائیکرو پراسیسر، پرسنل کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور موبائل فون جتنا اہم قرار دیا تھا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی لوگوں کے کام کرنے، سیکھنے، سفر، طبی نگہداشت اور ایک دوسرے سے رابطوں کو بدل کر رکھ دے گی۔

دسمبر 2023 میں ایک خط کو تحریر کرتے ہوئے بل گیٹس نے 2024 کو اے آئی ٹیکنالوجی کا سال قرار دیا تھا۔

اس خط میں انہوں نے توقع ظاہر کی تھی کہ 2024 میں ہونے والی پیشرفت سے رواں دہائی کے دوران اس ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ کی بنیاد رکھنے میں مدد ملے گی۔