انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ آئی فون صارفین کے لئے نیا کالنگ انٹر فیس متعارف کرانے جا رہی ہے جس میں اسکرین میں نیچے کی جانب کالنگ بار شامل ہوگا۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے تازہ ترین فیچر میں صارفین ایک نیا کالنگ اسکرین انٹرفیس دیکھ سکیں گے،واٹس ایپ بِیٹا کے اینڈرائیڈ اپ ڈیٹ میں کمپنی کی جانب سے ایپ کی کالنگ اسکرین کو جدت بخشنے کے لیے متعدد تبدیلیوں کی رونمائی کی گئی۔ ان تبدیلیوں میں اسکرین پر نیچے کی جانب کالنگ بار، بڑی پروفائل فوٹو اور مجموعی طور پر ڈیزائن شامل ہے اور اس سب کا مقصد انٹرفیس کو صارف کے لیے آسان اور دیدہ زیب بنانا ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے انہی فیچرز کی حامل اپ ڈیٹ اپ آئی او ایس صارفین کے لیے نئے ورژن 24.14.78 کے ساتھ جاری کر دی گئی ہے،اگرچہ اس اپ ڈیٹ کے آفیشل چینج لاگ میں نئے فیچرز کو واضح انداز میں پیش نہیں کیا گیا ہے لیکن اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ اپ ڈیٹ میں اسکرین پر نیچے کی جانب کالنگ بار کے لیے نیا انٹرفیس شامل ہے جو کہ بڑے پیمانے پر صارفین کو دستیاب ہے۔