یوٹیوب صارفین کے لئے دلچسپ فیچرمتعارف

بیشتر افراد گانے سننے کے لیے یوٹیوب کو ترجیح دیتے ہیں اور اس مقصد کے لیے گوگل نے یوٹیوب میوزک کے نام سے ایک الگ سروس بھی متعارف کرائی ہوئی ہے۔

اگر آپ یوٹیوب میوزک استعمال کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اب اس میں ایک ایسا ٹول تمام صارفین کو دستیاب ہے جس کے ذریعے آپ محض گنگنا کر اپنا پسندیدہ گانا تلاش کر سکتے ہیں۔

گوگل کی جانب سے اس فیچر کو متعارف کرانے کا اعلان مئی 2024 میں کیا گیا تھا اور اب یہ تمام صارفین کو دستیاب ہے۔

ہم ٹو سرچ (hum to search) نامی ٹول مارچ 2024 سے اینڈرائیڈ صارفین کو یوٹیوب میوزک کے بیٹا (beta) ورژن میں دستیاب تھا۔

اب کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ یوٹیوب میوزک میں 10 کروڑ سے زائد گانوں کو گنگنا کر تلاش کرنا ممکن ہے۔

اینڈرائیڈ کے ساتھ ساتھ آئی او ایس صارفین بھی اس ٹول کو استعمال کر سکتے ہیں۔

گنگنانے کے ساتھ ساتھ آپ گانے کی دھن بجا کر بھی اسے تلاش کر سکیں گے۔

فیچر کیسے استعمال کریں؟

اسے استعمال کرنے کے لیے ایپ اوپن کرکے اوپری دائیں کونے پر موجود magnifying گلاس کے آئیکون پر کلک کریں۔

اس پر کلک کرنے پر مائیکرو فون آئیکون کے برابر میں ویو فارم آئیکون نظر آئے گا۔

اس آئیکون پر کلک کرکے گانا گنگنائیں یا اس کی دھن بجائیں، جس کے بعد فل اسکرین رزلٹ پیج میں گانے کا نام اور دیگر تفصیلات سامنے آجائیں گی۔

اس فیچر کے لیے گوگل کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جا رہا ہے جو گنگنانے کی آواز کو اصل ریکارڈنگ سے میچ کرے گی۔