پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بُک کی سروس 10 محرم الحرام کو دن بھر جزوی بندش کے بعد دوبارہ بحال ہو گئی ہے۔
انیٹرنیٹ کی نگرانی کرنے والے نیٹ بلاکس نے کہا کہ 10 محرم الحرام کے موقع ملک بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بُک کی سروسز کے استعمال میں رکاوٹ دیکھی گئی۔
نیٹ بلاکس کا کہنا ہے کہ حکام اس موقع پر عام طور پر موبائل انٹرنیٹ سروسز کو محدود کردیا جاتا ہے۔
صارفین سمیت متعدد ذرائع سے اسٹیٹس رپورٹس کو اکٹھا کرکے انٹرنیٹ بندش کا پتہ لگانے والے ادارے ڈاؤن ڈیٹیکٹر نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا کہ صارفین کی رپورٹس فیس بک تک رسائی میں دشواریوں کی نشاندہی کرتی ہیں۔
تاہم رات آٹھ بجے کے بعد سے فیس بُک کی سروسز ملک بھر میں بحال ہونا شروع ہو چکی ہیں۔
فیس بک اور انسٹاگرام دونوں میٹا کی زیر ملکیت ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان حکومت نے پہلے ہی محرم کے چار دنوں کے دوران صوبائی دارالحکومت اور بعض دیگر حساس اضلاع میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پنجاب حکومت نے بھی وزارت داخلہ سے 6 سے 11 محرم تک انٹرنیٹ پر سوشل میڈیا ایپلی کیشنز بند کرنے کی درخواست کی تھی تاکہ فرقہ وارانہ تشدد سے بچنے کے لیے نفرت انگیز مواد اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو کنٹرول کیا جا سکے۔
وزارت داخلہ نے پنجاب حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا کے 6 پلیٹ فارمز کو ایک ہفتے کے لیے معطل کرنے کی درخواست پر فیصلہ موخر کر دیا تھا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے انٹرنیٹ بند کرنے کی درخواستوں پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔
گزشتہ ہفتے وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ چونکہ انٹرنیٹ یا موبائل سروس کی معطلی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لیے زمینی حقائق اور سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے جائیں گے۔