گوگل فوٹوز کیلئے بہترین اے آئی فیچر متعارف کرائے جانے کا امکان

گوگل کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی فیچر آسک فوٹو جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

اس فیچر کا اعلان مئی میں گوگل کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے موقع پر کیا گیا تھا اور اب اس کی آزمائش گوگل فوٹوز ایپ میں کی جا رہی ہے۔

گوگل جیمنائی پر مبنی اس فیچر سے صارفین فوٹوز ایپ میں زیادہ بہتر طریقے سے اپنا پسندیدہ مواد سرچ کر سکیں گے۔

گوگل کی جانب سے اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرانے کے بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا گیا مگر محدود افراد میں اس کی آزمائش کی جا رہی ہے۔

یہ فیچر جنریٹیو اے آئی کو استعمال کرکے زیادہ برق رفتاری سے تفصیلات اکٹھی کرے گا اور تصاویر میں موجود اشیا کی شناخت بھی کر سکے گا۔

یہ اے آئی فیچر صارفین کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب بھی دے سکے گا۔

یہ فیچر گوگل فوٹوز کی سرچ ٹیب میں چھپا ہوگا اور اس کے لیے آسک بٹن کا اضافہ اس سروس میں کیا جائے گا۔

اس بٹن پر کلک کرنے پر ایک نیا انٹرفیس نظر آئے گا جس میں مختلف سوالات موجود ہوں گے۔

کمپنی کی جانب سے مئی میں بتایا گیا تھا کہ اس فیچر سے صارفین کے لیے ہزاروں تصاویر میں سے کسی ایک تصویر کو ڈھونڈنا بہت آسان ہو جائے گا، اس طرح اسکرولنگ میں وقت ضائع کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔