بھارت میں خواتین، بچے اور جانور بھی محفوط نہیں، جان ابراہم

نامور بالی ووڈ اداکار جان ابراہم نے کہا ہے کہ بطور اداکار سمجھتا ہوں بھارت میں خواتین، بچے اور جانور بھی محفوط نہیں ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اپنے ایک تازہ بیان میں انہوں نے بھارتی مردوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سمجھنا ہوگا کہ خواتین کے ساتھ کیسا سلوک کیا جائے، وہ ان کے محافظ بنیں۔

جان ابراہم کا کہنا تھا کہ ملک سے محبت کرنے والوں کو لازماً کوتاہیوں پر تنقید کرنی چاہیے، نہ کہ اس جہالت کا حصہ بن جائیں۔ عورت کے لیے مرد کو محافظ ہونا چاہیے، میں بھارت سے پیار کرتا ہوں، اس لیے بہت ضروری ہے کہ میں تنقید کروں۔

انہوں نے کہا کہ سمجھنا ہوگا کہ حب الوطنی اور نسل پرستی میں فرق ہوتا ہے۔ صرف بھارت مہان کہنے سے، وطن کے محب نہیں بنیں گے، ایسا تب ہی ہوگا جب آپ سماجی تبدیلی کا حصہ بنو گے۔

بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ میرا زندگی میں ایک ہی مقصد ہے کہ اپنی چھوٹی سی دنیا میں سماجی تبدیلی لاؤں۔ ملک میں جانوروں کی جو حالت ہے، چاہتا ہوں کہ انہیں ایک حیثیت ملے۔