منٹو کی کہانیوں سے متاثر ڈرامہ ”کمرہ افسانہ“

نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس ایک منفرد اور اصل ڈرامہ ”کمرہ افسانہ“ پیش کرنے جا رہی ہے، جو مشہور افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی دو کہانیوں سے متاثر ہے۔ اس ڈرامے کا آغاز 11 ستمبر 2024 سے ہوگا۔

ناپا کے سی ای او جنید زبیری کا ایک پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ یہ ڈرامہ کسی کہانی کا لفظی اقتباس نہیں ہے بلکہ منٹو کے افسانوں سے متاثر ہو کر لکھا گیا ہے۔ ”کمرہ افسانہ“ کو تحریر اور ہدایت کاری سید قاسم شاہ نے کی ہے، جو پریس کانفرنس میں موجود تھے۔

منٹو، جنہیں اردو ادب کا ایک بے باک اور حقیقت پسند افسانہ نگار سمجھا جاتا ہے، اپنی تحریروں میں معاشرتی سچائیوں کو بے خوفی سے اجاگر کرتے تھے۔ ان کی کہانیاں انسانی جذبات، سماجی ناہمواریوں اور تضادات کو نمایاں کرتی ہیں۔

جنید زبیری نے کہا کہ معیاری اور اصل کام کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، اور یہ ڈرامہ اسی سلسلے کی ایک اور کڑی ہے۔ انہوں نے اس پروڈکشن کے لیے کی جانے والی محنت کو سراہتے ہوئے بتایا کہ یہ ڈرامہ پہلے کے بیسمنٹ تھیٹر میں پیش کیا گیا تھا لیکن اس کے منفرد انداز کی وجہ سے اسے بڑے اسٹیج، یعنی ضیاء محی الدین تھیٹر میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ہدایت کار سید قاسم شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی چھوٹی ٹیم نے اس ڈرامے کو تیار کرنے میں بہت محنت کی ہے۔ انہوں نے کاسٹ کا بھی تعارف کرایا، جن میں زبیر بلوچ، شاہ رخ عارف، اختر عباس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ موسیقی کے لیے گل محمد اور راحت عنایت علی بھی موجود ہیں۔

یہ ڈرامہ 11 ستمبر سے 15 ستمبر 2024 تک پانچ شام اور دو دوپہر کے شو میں پیش کیا جائے گا۔