اداکارہ حرا خان نے انکشاف کیا ہے کہ ایک بار انہیں ایک ہدایت کار نے آڈیشن کے لیے دن کے بجائے رات کو گیارہ بجے آنے کا کہا اور ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ مختصر لباس بھی پہننا ہوگا۔
حرا خان کی وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں انہوں نے اپنے ساتھ کاسٹنگ فراڈ کا بھانڈا پھوڑا اور بتایا کہ کس طرح وہ غلط شخص کو آڈیشن دیتے دیتے بچیں۔
انہوں نے بتایا کہ جب وہ ’ہمسفر‘ ڈرامے میں کام کر رہی تھیں، تب ہی انہیں ایک ساتھی اداکارہ نے ہدایت کار کا نمبر دیا اور کہا کہ ان سے رابطہ کرلیں، انہیں نئے پروجیکٹ کے لیے لڑکی چاہیے۔
حرا خان کے مطابق انہوں نے ساتھی اداکارہ سے نمبر لے کر ہدایت کار کو واٹس ایپ پر اپنا پورٹ فولیو بھیجا لیکن جلد ہی ہدایت کار نے ان سے صرف دو تصاویر مانگیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ بعد ازاں انہوں نے ہدایت کار سے آڈیشن کے لیے سہ پہر تین بجے آنے کا پوچھا، جس پر انہیں رات کو گیارہ بجے آنے کا کہا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہدایت کار نے انہیں بتایا کہ وہ رات کو گیارہ بجے آڈیشن کے لیے آئیں گی، جہاں انہیں مختصر اور بولڈ لباس پہننا ہوگا، ان کا آڈیشن انتہائی خفیہ ہوگا اور اس کی ویڈیو صرف پروڈیوسرز کو بھیجی جائے گی۔
اداکارہ کے مطابق انہیں آڈیشن کے لیے رات کو آنے کا کہا گیا تو انہیں شک گزرا اور پھر ان سے آڈیشن کے دوران مختصر لباس پہننے کا کہا گیا، جس پر انہیں مزید شک ہوا تو انہوں نے ایک اور ہدایت کار کو فون کیا۔
حرا خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دوسرے ہدایت کار سے پوچھا کہ اس طرح آڈیشن ہوتے ہیں کیا؟ اس پر انہوں نے انہیں بتایا کہ ایسا نہیں ہوتا، یہ ضرور دھوکا ہوگا۔
اداکارہ نے ویڈیو کے دوران کاسٹنگ دھوکا دینے اور نامناسب آڈیشن کا مطالبہ کرنے والے ہدایت کار کا نام نہیں بتایا اور نہ ہی انہوں نے اس ساتھی اداکارہ کا نام بتایا، جنہوں نے انہیں مذکورہ ہدیات کار کا نمبر دیا تھا۔