ہمارے معاشرے میں خواتین کی غلطیاں تسلیم کرنے کی گنجائش نہیں، زویا ناصر

اداکارہ و ماڈل زویا ناصر نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کی غلطیاں تسلیم کرنے کی گنجائش نہیں۔

ایک انٹرویو میں اداکارہ نے کہا کہ غلطیاں کرنا عام بات ہے اور ہر انسان سے بار بار غلطیاں ہوتی ہیں اور جب تک انسان زندہ ہے تب تک غلطیاں ہوتی رہیں گی اور انہوں نے بھی کئی غلطیاں کیں۔

زویا ناصر کا کہنا تھا کہ لیکن ہمارے معاشرے میں خواتین کو غلطیاں کرنے کی اجازت نہیں ہوتی اور نہ ہی ان کی غلطیوں کو تسلیم کرنے کی گنجائش ہوتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں اب خواتین پر شادی کا دباؤ کم ہونا شروع ہوا ہے، اب لوگ غیر شادی شدہ خاتون کو ملازمت پر دیکھتے ہوئے زیادہ سوالات نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ شادی اور کیریئر ختم ہونے کا آپس میں کوئی تعلق نہیں، جنہیں شادی کرنی ہوتی ہے، وہ کیریئر سمیت تعلیم بھی شادی کے بعد حاصل کرتے ہیں اور بہت سارے شادی شدہ جوڑے ایک دوسرے کا سہارا بھی بنتے ہیں۔