رواں سال کا آخری سپر مون ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات شہابِ ثاقب کی بارش کے ساتھ یادگار منظر پیش کرے گا۔
ماہرِ فلکیات ڈاکٹر جاوید اقبال نے بتایا ہے کہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 2 بج کر 28 منٹ پر سپر مون اپنے عروج پر دیکھا جا سکے گا۔
سپر مون کے دوران چاند معمول سے 14فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن نظر آتا ہے۔
اس حوالے سے ڈاکٹر جاوید اقبال نے بتایا کہ سپر مون اس وقت ہوتا ہے جب چاند اپنے مدار میں زمین کے قریب ترین فاصلے پر آ جاتا ہے، سپر مون کے دوران زمین اور چاند کا فاصلہ کم ہو جاتا ہے۔
امریکن میٹیور سوسائٹی کے مطابق ہفتے کی رات 2 بج کر 29 منٹ پر چاند اپنے جوبن پر ہو گا، اس دوران چاند زمین سے 2 لاکھ 25 ہزار میل کی دوری پر ہو گا۔
رپورٹ کے مطابق سپر مون کے دوران شہابِ ثاقب بھی کثیر تعداد میں گریں گے جس سے سپر مون کا نظارہ یادگار ہونے کا امکان ہے۔