کئی بھارتی ڈراموں سمیت بالی وڈ فلموں میں معاون کردار ادا کرنے والی طناز ایرانی کے تین سال قبل اچانک معذور ہوکر وہیل چیئر پر آنے کی وجہ سامنے آگئی۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں طناز نے اپنی زندگی کے سب سے مشکل وقت کے بارے میں تفصیلات شیئر کیں اور بتایا کہ کس طرح انہوں نے ثابت قدمی سے وہ وقت گزارا اور ہمت نہیں ہاری۔
پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ 2021 میں ایک سرجری کے بعد ان کی ایک ٹانگ دوسری ٹانگ سے چھوٹی ہوگئی جس کی وجہ سے انہیں اچانک چلنے میں دشواریوں کا سامنا شروع ہوا، انہیں ابتدائی طور پر سمجھ نہیں آیا کہ ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنےکئی ٹیسٹ کروائے لیکن سمجھ سے باہر تھا کہ جسم میں ایسا کیا غلط ہوا کہ وہ چل نہیں پا رہی تھیں ، جب تکلیف میں اضافہ ہوگیا اور انہیں چلنے پھرنے سمیت روزمرہ معاملات میں مشکلات اٹھانا پڑیں تو انہوں نے اس معاملے کو سنجیدہ لیا اور ڈاکٹروں سے مشورہ کیا۔
طناز نے کہا کہ ٹانگ چھوٹی بڑی ہونے سے میں عام صحت مند انسان کی طرح نہیں چل پارہی تھی۔
اے وی این کی تشخیص
بھارتی اداکارہ کے مطابق انہیں کمر، پیٹھ، گھٹنے اور ٹخنوں میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین کے بعد ڈاکٹرز نے بتایا کہ آپ میں اے وی این (عارضی طور پر خون ہڈیوں تک نہیں پہنچ پاتا) کی تشخیص ہوئی ہے جو عام طور پر شراب پینے والے یا اسٹیرائڈز استعمال کرنے والے افراد میں پایا جاتا ہے۔
طناز نے کہا کہ یہ تشخیص ان کے لیے خاصی حیرانی کا باعث بنی کیونکہ نہ وہ شراب پیتی ہیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی اسٹیرائڈز کا استعمال کیا۔ بعدازاں میں نے چلنے پھرنے کے لیے چھڑی کا استعمال شروع کردیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ گزشتہ برس 2023 میں میری کولہے کی سرجری ہوئی جس کے بعد اب وہ مکمل طور پر صحت یاب ہیں۔
واضح رہے کہ طناز ایرانی نے سپر ہٹ فلم کہو نا پیار ہے اور 36 چائنہ ٹاؤن جیسی فلموں میں معاون کردار ادا کیے، اس کے علاوہ وہ کئی ٹی وی شوز میں بھی دکھائی دیں۔