پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے ریزرو وکٹ کیپر حسیب اللہ جنوبی افریقا کے دورے میں زخمی ہو گئے ہیں۔ پشین سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ حسیب اللہ کے ہاتھ پر گیند لگنے کے نتیجے میں ان کے ہاتھ پر چوٹ آئی اور انہیں ٹانکے لگے، جس کی وجہ سے وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
حسیب اللہ جو ایک ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں، جنوبی افریقا کے دورے میں محمد رضوان کے ساتھ 15 رکنی اسکواڈ میں دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر شامل تھے۔ وہ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے ایک ابھرتے ہوئے وکٹ کیپر ہیں۔
حسیب اللہ نے 21 جنوری 2024 کو کرائسسٹ چرچ میں شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں اپنا پہلا ٹی 20 میچ اوپننگ بیٹسمین کے طور پر کھیلا تھا۔ اس کے بعد 24 نومبر 2024 کو بلاوایو میں وکٹ کیپر محمد رضوان کی قیادت میں اپنا پہلا بین الاقوامی ون ڈے میچ کھیلا۔
حسیب اللہ پاکستان کے وائٹ بال اسکواڈ کا حصہ بھی تھے اور دورہ آسٹریلیا اور زمبابوے میں شامل تھے، تاہم جنوبی افریقا کے دورے میں انہیں صرف ٹیسٹ ٹیم تک محدود رکھا گیا تھا۔