فوٹو سیشن اور مشترکہ پریس کانفرنس: چیمپئنز ٹرافی سے قبل بھارتی کپتان روہت شرما کے پاکستان آنے کا امکان

رواں برس 19 فروری 2025 سے پاکستان میں شروع ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کے پاکستان آنے کا امکان ہے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے فوٹو شوٹ کے لیے روہت شرما کی پاکستان روانگی متوقع ہے اور وہ ممکنہ طور پر چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان میں کپتانوں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی میں شریک تمام ٹیموں کے کپتان ایک پریس کانفرنس اور فوٹو شوٹ کے لیے اکٹھے ہوں گے، جس میں روہت شرما بھی موجود ہوں گے۔

آئی سی سی کے کسی بھی ایونٹ سے قبل میزبان ملک میں تمام کپتان اکٹھے ہوتے ہیں جہاں فوٹو سیشن اور مشترکہ پریس کانفرنس ہوتی ہے۔

روہت شرما کی پاکستان روانگی کے حوالے سے بھارتی میڈیا دعویٰ کررہا ہے تاہم اس حوالے سے باضابطہ فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔

واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو پاکستان میں ہونا ہے، جس کا افتتاحی میچ کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔

بھارت نے چونکہ اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا اعلان کیا ہے، جس کے باعث بھارتی ٹیم کے میچز نیوٹرل وینیو دبئی میں ہوں گے۔