بھارتی کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی سے قبل ایک بڑا دھچکا لگا ہے کیونکہ ان کے اہم باؤلر جسپرت بمرا کی انجری کی وجہ سے ان کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، بمرا کو ڈاکٹر نے انجری کی وجہ سے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، جس کے باعث ان کا ٹورنامنٹ میں کھیلنا مشکل نظر آ رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، بمرا کو آسٹریلیا کے خلاف پانچویں ٹیسٹ میچ میں انجری کا سامنا ہوا تھا جس کے باعث ان کی کمر میں سوجن آگئی تھی اور وہ اب تک برقرار ہے۔
بمرا کو شدید تکلیف کا سامنا ہے اور ڈاکٹر نے احتیاط کا مشورہ دیا ہے، ورنہ صورت حال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق، بمرا کی کمر کی سوجن مکمل آرام سے ہی کم ہو سکتی ہے۔