پی ایس ایل 10 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کون کرےگا؟

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  نے سعود شکیل کو پاکستان سپر لیگ 10 میں کپتان بنانےکا فیصلہ کیا ہے۔

قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل کو ٹیسٹ بیٹر سمجھاجاتا ہے ۔2023 میں وہ پاکستان کی ون ڈے ٹیم میں شامل ہوکر ورلڈکپ کھیلنے بھارت گئے تھے لیکن  پھر  وہ ون ڈے پلان سے بھی باہر ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سعود شکیل کو پاکستان سپر لیگ میں کپتان بنانے کا فیصلہ کیا ہے، وہ اننگز  اوپن  بھی کریں گے۔

سرفراز احمد کی جگہ گزشتہ سال رائیلی روسو کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کپتان بنایا گیا تھا لیکن انتظامیہ اب سعود شکیل اور معین خان کےکمبی نیشن کے ساتھ 2025 کا سیزن کھیلنا چاہتی ہے۔

گزشتہ سال کے تلخ تجربے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  نے آسٹریلوی کوچ شین واٹسن کا معاہدہ ایک سال پہلے ختم کردیا۔ ذرائع کے مطابق شین واٹسن کی جگہ سرفراز  احمد گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ ہوں گے جب کہ معین خان کو ڈائریکٹر کرکٹ کی ذمہ داری ملنےکا امکان ہے۔

سرفراز  احمد اس وقت چیمپئنزکپ کے مینٹور ہیں لیکن معاہدے کے مطابق وہ پی ایس ایل کی فرنچائز کے لیےکام کرسکتے ہیں۔سرفراز  احمد اس وقت اہلخانہ کے ساتھ انگلینڈ میں ہیں۔ پی ایس ایل کے دوران انہیں پی سی بی کی تنخواہ نہیں ملے گی۔