وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے اضلاع کی سطح پر انتظامی مشینری کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کیساتھ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے افسروں کو ان کے عہدوں سے فارغ کرنے کی وارننگ بھی دی‘ پشاور میں ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہونے والے اجلاس میں وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام کو خدمات اور سہولیات کی فراہمی ان کی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا‘ وزیر اعلیٰ نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنروں کو ہسپتالوں‘ تعلیمی اداروں اور دیگر دفاتر و مراکز کے اچانک دورے کرنے کی ہدایت بھی کی ہے‘ اس سب کیساتھ انہوں نے سرکاری عمارتوں اور عوامی مقامات کی صفائی ستھرائی کیلئے خصوصی مہمات کا حکم بھی دیا‘ بعداز خرابی بسیار سہی خیبرپختونخوا حکومت نے صرف ہدایات جاری کرنے پر اکتفا کی روش ترک کرتے ہوئے عملی اقدامات یقینی بنانے کا کہا ہے‘ اس حوالے سے صوبائی کابینہ نے اپنے اجلاس میں سب سے پہلے گزشتہ کیبنٹ میٹنگ کے فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ طلب کی جو اصلاح احوال کیلئے انتہائی ضروری ہے بہتر طرز حکمرانی کہ جس کا آج کل چرچا گڈ گورننس کی اصطلاح سے کیا جاتا ہے صرف اسی صورت ممکن ہے جب سرکاری مشینری کا آپریشن سختی سے مانیٹر کیا جائے‘ فیصلہ سازی اور منصوبہ بندی کے مراحل میں مدنظر رکھا جائے کہ کسی بھی ریاست میں حکومت کے وژن اور منشور پر پوری طرح عمل درآمد صرف اسی صورت ممکن ہے جب اس مقصد کیلئے کام کی ذمہ دار سرکاری مشینری پوری طرح فعال ہو اس وقت برسرزمین صورتحال اس بات کی عکاس ہے کہ حکومتی احکامات‘ ہدایات اور ان کے ثمر آور نتائج کے درمیان طویل فاصلہ ہے‘ یہ فاصلہ صرف کڑی نگرانی اور آن سپاٹ ذمہ دار حکام کے دوروں سے طے ہو سکتا ہے‘ خیبرپختونخوا میں صحت کے سیکٹر میں حکومت کی اصلاحات اپنی جگہ قابل اطمینان ہیں تاہم دوسری جانب سرکاری علاج گاہوں میں عوام کو درپیش مشکلات کا گراف بڑھتا چلا جارہا ہے اس میں رش بھی ایک حقیقت ہے لیکن کڑی نگرانی کا انتظام باقی بدانتظامیوں کودور کرسکتا ہے میونسپل سروسز کی حالت سب کے سامنے ہے تعلیم کے شعبے میں عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے اسی طرح شہری سہولیات اربن پلاننگ اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں مشکلات بھی اپنی جگہ‘ کیا ہی بہتر ہو کہ وزیر اعلیٰ کی اضلاع کی سطح پر مانیٹرنگ سے متعلق ہدایات پر عملدرآمد کی بھی مانیٹرنگ کا انتظام کیا جائے۔
